فاکہہ قمر
ادب اطفال ادیبہ،کالم و انٹرویو نگار
سی ای او سرائے اردو پبلیکیشن
انسانی جبلت ہے کہ وہ اپنے بچپن اور لڑکپن کے ادوار کے ماحول اور ارد گرد کی چیزوں سے بے پناہ متاثر ہوتا ہے اور وہی انسیت تا زندگی اس کے ساتھ برقرار رہتی ہے، ایسے ہی ڈاکٹر طارق محمود آکاش صاحب نے چند برس قبل کے نظام کے تحت کوچوان، ٹانگا گاڑی کو بے پناہ سراہتے ہوئے اج کی نئی نسل کو ان کی پرانی اور خوبصورت یادوں اور روایات سے اشنا کرنے کی ایک عمدہ کاوش کی ہے۔
زیر نظر کتاب "کوچوان” جو اس وقت میرے ہاتھ میں ہے اور بہت جلد آپ بھی اس کا مطالعہ کریں گے اور میری اس بات سے حتمی طور پر تائید بھی کرتے نظر آئیں گے ۔ "کوچوان” ایک طلسمی دنیا کا منظر پیش کرتی شاہکار کتاب ہے جس میں بناوٹ سے دور سادگی کا عنصر نمایاں طور پر دکھایا گیا ہے۔عام فہم و الفاظ اور اسلوب کے ساتھ احسن انداز میں قدیم زمانہ کی جھلک لیے بہترین کہانیوں سے مزین یہ خوبصورت کتاب دور جدید میں ایک کارآمد کتاب ہے۔سادہ ماحول، صاف دل اور بے پناہ محبت سے مزین رشتوں کا ملاپ درحقیقت آج کے دور میں ماورائی دنیا کا نظر معلوم ہوتا ہے لیکن یہی سچ ہے کہ جدید ترقی سے قبل محض چند برس قبل کی زندگیوں، ماحول اور رہن سہن کے طور طریقے بہت جداگانہ تھے۔ہمارے آباو اجداد دادا،نانی،پھوپھی وغیرہ ایک خالص مٹھاس اور محبت کو اپنے اندر سموئے ہوئے تھے جو آج کل بالکل ناپید ہوتی جارہی ہے۔
آج کے دور میں "کوچوان” نئی نسل کے لیے ایک تحفہ ہے،خاص اثاثہ ہے جس کو وہ مکمل طور پر آج کھو چکے ہیں۔ مجموعی اعتبار سے مجھے تو یہ مکمل کتاب بھرپور دلچسپی سے مزین اپنی جانب راغب کرتی نظر آئی ہے لیکن خصوصی طور پر چند تحاریر نے تو میرا دل ہی موہ لیا ہے جن میں گامو ، کچا دھاگہ، تاجی کوچوان، ناٹک اور بابا دینو” شامل ہیں۔
دور حاضر میں نوجوان نسل اپنے ماضی اور اس سے جڑی روایات کو فراموش کرتے جا رہے ہیں ۔ ایسے میں ڈاکٹر طارق محمود آکاش صاحب اس منفرد کاوش پر خصوصی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ہر فرد کو یہ کتاب ضرور پڑھنی چاہیے تاکہ ہمیں اپنے ماضی اور اس سے جڑی روایات اور اقدار کا بخوبی علم ہو سکے۔
ڈاکٹر صاحب کی یہ عمدہ کاوش آپ کو بے حد متاثر کرے گی اور اس کے مطالعے کے بعد آپ بھی میری اس رائے سے مکمل طور پر اکتفا کرتے نظر آئیں گے،میری دلی دعا ہے کہ اللہ ڈاکٹر صاحب کا حامی و ناصر ہو۔انہیں دن دگنی رات چگنی ترقی عطا کرے اور ان کے قلم کو مزید ستقامت عطا کرے اور یہ یوں ہی بہترین لکھتے رہیں،آمین ثم آمین۔
شناسائی ڈاٹ کام پر آپ کی آمد کا شکریہ! اس ویب سائٹ کے علمی اور ادبی سفر میں آپ کا تعاون انتہائی قابل قدر ہوگا۔ براہ کرم اپنی تحریریں ہمیں shanasayi.team@gmail.com پر ارسال کریں