محمد اشرف یاسین
جس طرح اُردو میں داستان سے ناول، ناول سے افسانہ، افسانہ سے افسانچہ نے ترقی کی منزلیں طے کیں، اسی طرح ایک صنفی تجربہ کرتے ہوئے ڈاکٹر رغبت شمیم ملک نے انشائیہ+افسانچہ ملا کر ایک نئی صنف انشائنچہ نگاری وضع کی ہے۔ یہ لطف ان معنوں میں بہت دلچسپ ہے کیونکہ اس میں انشائیہ جیسی شگفتہ نثر افسانچہ کے اختصار و افسانویت کو برقرار رکھتے ہوئے طنز و مزاح کے فنی حربوں، موازنہ(Comparison)، زبان وبیان کی بازی گری، مزاحیہ صورتِ واقعہ(Humorous Situation)، مزاحیہ کردار(Humorous Character) اور پیروڈی یا تحریف وغیره کو بروئے کار لاتے ہوئے انشائنچہ نگاری کی گئی ہے۔
بہت سارے تخلیق کاروں نے اپنی تخلیقی کائنات کو نئی سمت و رفتار دینے کی غرض سے کئی فرضی اور خیالی کردار وضع کیے ہیں۔ اس کتاب کے مطالعے سے پہلے میں اُردو ادب کے کچھ مزاحیہ کرداروں سے واقف تھا، جو اس طرح سے ہیں جیسے رتن ناتھ سرشار (1846ء-1903ء) نے”فسانہ آزاد” (اشاعت:1880ء) کے لیے "خوجی”، ڈپٹی نذیر احمد (1830ء-1912ء) نے اپنا ناول "ابن الوقت” (1888ء میں لکھا، لیکن اس کی اشاعت 1989ء میں عمل میں آئی) کے لیے "مرزا ظاہر دار بیگ”، منشی سجاد حسین (1856ء-1915ء) نے”حاجی بغلول”، سید امتیاز علی تاج (1900ء-1970ء) نے "چچا چھکن”، مشتاق احمد یوسفی (1923ء-2018ء) نے "مرزا عبدالودود بیگ”، شوکت تھانوی (1904ء-1963ء) نے”قاضی جی "، مشفق خواجہ (1935ء-2005ء) نے "لاغر مرادآبادی”، وغیرہ۔ اسی طرح سے نصرت ظہیر(1951-2020) نے بھی کئی فرضی کردار وضع کیے ہیں، نثر کے لیے "مرزا”، "میاں عبدالقدوس”، "بقراطی”، "خان صاحب”، اور نظم کے لیے "رضیہ” ان دونوں کرداروں کی زبانی انہوں نے بہت ساری باتیں کہلوائی ہیں۔
اس کتاب نے مجھے "پروفیسر جین” سے متعارف کرایا، "پروفیسر جین” ایک سچا، کھرا، نڈر، بے باک، بے خوف، منہ پھٹ، شوخ، ہنس مکھ، سنجیدہ، ذی علم، ذی الحس کردار ہے، جو موقع و محل کے اعتبار سے گفتگو کرنے میں طاق ہے۔ یہ کردار ہمارے اپنے عہد کا ہے۔ اس لیے یہ قدیم مسائل کے ساتھ ساتھ جدید اور عصری مسائل سے بھی کما حقہ واقف ہے۔ یقیناً یہ کتاب خرید کر پڑھی جانے کے لائق ہے۔ میں پورے وثوق سے یہ کہہ سکتا ہوں کہ آپ کا پیسہ وصول ہو جائے گا۔ اس بہترین کردار سے مجھے متعارف کرانے کے لیے ڈاکٹر شمیم رغبت ملک اور ڈاکٹر محمد آصف اقبال کا بے حد شکریہ
شناسائی ڈاٹ کام پر آپ کی آمد کا شکریہ! اس ویب سائٹ کے علمی اور ادبی سفر میں آپ کا تعاون انتہائی قابل قدر ہوگا۔ براہ کرم اپنی تحریریں ہمیں shanasayi.team@gmail.com پر ارسال کریں